ایرانتازہ ترینمشرق وسطییورپ امریکا

ایران سے مذاکرات پر امریکا کا دوٹوک مؤقف، مسقط میں بات چیت طے؛ مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے باعث جرمنی میں امریکی اڈا ہائی الرٹ پر

امریکا نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ بات چیت صرف جوہری پروگرام تک محدود نہیں ہو سکتی۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن سفارتی راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران کو نہ صرف اپنے جوہری پروگرام پر پابندیاں قبول کرنا ہوں گی بلکہ بیلسٹک میزائل پروگرام اور خطے میں مسلح گروہوں کی حمایت بھی بند کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر ضرورت پڑی تو اس کے لیے بھی پوری طرح تیار ہے۔

مارکو روبیو نے ایرانی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تہران اپنی عوام کو بہتر سہولیات اور معیاری زندگی فراہم کرنے کے بجائے وسائل دہشت گردی اور عسکری سرگرمیوں پر خرچ کر رہا ہے، جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ سلطنتِ عمان میں جمعہ کے روز صبح دس بجے امریکا کے ساتھ مذاکرات طے پا گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات چیت حالیہ کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس سے قبل امریکی میڈیا ادارے ایکسيوس نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران صرف جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے تیار ہے جبکہ میزائل پروگرام پر بات کرنے سے انکار کے بعد مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔ تاہم عرب ریاستوں کی سفارتی ثالثی کے بعد فوری طور پر معاملے کو سنبھال لیا گیا اور مذاکرات کا راستہ دوبارہ کھل گیا۔

ادھر یورپ میں بھی صورتحال کے اثرات نظر آ رہے ہیں۔ جرمنی میں واقع امریکی فوجی اڈے اسپانگ ڈاہلم ایئر بیس کو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث 24 گھنٹے نان اسٹاپ آپریشن کے لیے کھلا رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری فوجی اور لاجسٹک ردِعمل کو یقینی بنانا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف امریکا اور ایران مذاکرات کی میز پر آنے کی بات کر رہے ہیں، تو دوسری جانب فوجی تیاریوں میں اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ واشنگٹن دباؤ اور سفارتکاری دونوں حکمتِ عملیاں بیک وقت استعمال کر رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں مسقط مذاکرات اس بات کا تعین کریں گے کہ آیا کشیدگی کم ہوتی ہے یا تصادم کا خطرہ مزید بڑھتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button