
(تازہ حالات خصوصی رپورٹ )
امریکہ میں فضائیہ کے ایک اعلیٰ ریٹائرڈ افسر کے اچانک لاپتہ ہونے کے بعد حکام نے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق ریٹائرڈ امریکی ایئر فورس میجر جنرل ولیم نیل مکاسلینڈ تقریباً دو ہفتوں سے لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش میں مقامی پولیس کے ساتھ ایف بی آئی بھی شامل ہو گئی ہے۔
نیو میکسیکو کے برنالِیلو کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق 68 سالہ مکاسلینڈ 27 فروری کی صبح تقریباً 11 بجے اپنے گھر البوکرکی (Albuquerque) سے پیدل نکلے تھے اور اس کے بعد سے ان کا اپنے اہل خانہ یا دوستوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق ان کا موبائل فون گھر پر ہی رہ گیا تھا جس کی وجہ سے ان کا سراغ لگانا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
پولیس نے اگلے ہی روز ان کی گمشدگی پر سلور الرٹ جاری کیا، جو عموماً ایسے افراد کے لیے جاری کیا جاتا ہے جن کی گمشدگی میں طبی مسائل کا خدشہ بھی ہو۔ حکام کے مطابق مکاسلینڈ کو ممکنہ طور پر ایک طبی مسئلہ لاحق ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے ان کی تلاش کو مزید ہنگامی بنا دیا گیا ہے۔
تفتیش کاروں نے علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 600 سے زیادہ گھروں کے مکینوں سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے جبکہ ڈرونز، سرچ کتوں، ہیلی کاپٹروں اور رضاکاروں کی مدد سے مختلف علاقوں میں تلاش جاری ہے۔

مکاسلینڈ کی قد پانچ فٹ گیارہ انچ بتائی جاتی ہے، ان کے بال سفید اور آنکھیں نیلی ہیں۔ اہلکاروں کے مطابق وہ آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے شوقین تھے اور اکثر البوکرکی کے مضافاتی علاقوں اور سانڈیا پہاڑی سلسلے میں ہائیکنگ، دوڑ اور سائیکلنگ کرتے تھے۔
وِلِیم مکاسلینڈ امریکی فضائیہ میں انتہائی حساس عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ڈیپارٹمنٹ آف ڈیفنس کے جی پی ایس پروگرام کے چیف انجینئر رہے، اس کے علاوہ اسپیس بیسڈ لیزر پروگرام اور پینٹاگون کے خصوصی پروگرامز میں بھی اہم ذمہ داریاں سنبھالتے رہے۔ انہوں نے اوہائیو میں واقع رائٹ پیٹرسن ایئر فورس بیس کے ایئر فورس ریسرچ لیبارٹری کی بھی کمان سنبھالی تھی۔
یہ ایئر بیس ماضی میں یوفو اور خلائی مخلوق سے متعلق افواہوں کی وجہ سے بھی خبروں میں رہ چکا ہے، اگرچہ امریکی فضائیہ ان دعوؤں کی ہمیشہ تردید کرتی رہی ہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد مکاسلینڈ ایک نجی ادارے کے ساتھ بھی وابستہ رہے جو نامعلوم فضائی مظاہر (UAP) یا مبینہ یوفو واقعات سے متعلق معلومات کا مطالعہ کرتا ہے۔
ان کی گمشدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکومتی اداروں کو یوفوز اور ممکنہ خلائی مخلوق سے متعلق بعض سرکاری ریکارڈز جاری کرنے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم حکام نے مکاسلینڈ کی گمشدگی کو اس معاملے سے جوڑنے کی کسی بھی قیاس آرائی کی تصدیق نہیں کی۔
مکاسلینڈ کی اہلیہ سوزن مکاسلینڈ ولکرسن نے بھی اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کا یوفو کمیونٹی سے محدود تعلق ضرور تھا، لیکن ان کے پاس کسی خفیہ معلومات ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے شوہر کو ڈیمینشیا یا ذہنی الجھن کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
شیرف آفس کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں کسی مجرمانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے تاہم تمام ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس حوالے سے کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔



