
لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں اور حزب اللہ کی جوابی کارروائیوں کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقوں حرا صیدا اور قطرانی پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ مرجعیون ضلع کے قصبے قنطرہ میں ایک مکان پر بمباری سے ایک باپ، ماں اور ان کے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔
لبنانی سرکاری میڈیا کے مطابق نباتیہ کے علاقے مفدون میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد، جن میں دو بچے بھی شامل تھے، جان کی بازی ہار گئے۔
لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ 2 مارچ سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 826 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 106 بچے اور 65 خواتین شامل ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لبنانی حکومت کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث ملک میں انسانی بحران بھی شدت اختیار کر رہا ہے اور اب تک 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے بڑی تعداد عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہے۔
طبی عملے اور ہسپتال بھی متاثر
لبنانی وزارت صحت نے بتایا کہ حالیہ حملوں میں طبی عملے کے 31 ارکان بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق جنوبی لبنان میں متعدد ایمبولینسوں اور طبی مراکز کو نقصان پہنچا جبکہ کم از کم پانچ ہسپتال بند کرنے پڑے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ طبی گاڑیوں اور ہسپتالوں کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، تاہم حزب اللہ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
حزب اللہ کے درجنوں حملے
ادھر حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گزشتہ روز اسرائیل کے خلاف 47 فوجی کارروائیاں کیں۔ تنظیم کے مطابق ان حملوں میں اسرائیلی فوجی اڈوں، نگرانی کے مراکز اور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان کے قصبے خیام میں اسرائیلی فوج کے ساتھ براہِ راست جھڑپیں بھی کیں اور اسرائیلی فوجی اڈوں پر راکٹوں اور گائیڈڈ میزائلوں سے حملے کیے۔

تنظیم کے مطابق اس نے شمالی اسرائیل کے کئی علاقوں اور فوجی مراکز کو بھی نشانہ بنایا جن میں اسٹیلا ماریس نیول بیس، عین شمر ایئر ڈیفنس بیس اور 146ویں ڈویژن کا ہیڈکوارٹر شامل ہیں۔
حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے ایک مرکاوا ٹینک کو گائیڈڈ میزائل سے تباہ کیا اور جنوبی لبنان کے علاقے شرقیہ کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون کو بھی مار گرایا۔
کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ
تجزیہ کاروں کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی جھڑپیں خطے میں جاری وسیع جنگ کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔ ایران، حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی عسکری کارروائیوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑے علاقائی تصادم کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔



