ایران

ایران میں فوجی طیارہ حادثے کا شکار، ایک پائلٹ ہلاک، تحقیقات جاری

ایران کے مغربی صوبے ہمدان میں ایک فوجی طیارہ تربیتی مشن کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا محفوظ رہا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق حادثہ جمعرات کی شام پیش آیا۔

ایرانی فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے مقامی میڈیا کو جاری بیان میں تصدیق کی کہ طیارہ رات کی تربیتی پرواز پر تھا جب اسے حادثہ پیش آیا۔ بیان میں کہا گیا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم طیارے کی نوعیت یا تکنیکی تفصیلات سے متعلق فوری طور پر مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

غیر سرکاری ذرائع اور ہوا بازی کے ماہرین کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ممکنہ طور پر ایف-4 ای فینٹم ٹو تھا، جو ایرانی فضائیہ کے 31 ویں ٹیکٹیکل فائٹر اسکواڈرن سے منسلک تھا۔ بعض غیر مصدقہ اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا کہ طیارے کو دورانِ پرواز کسی دفاعی نظام سے نقصان پہنچا، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ہوابازی کے تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں پائلٹس نے طیارے کو واپس ہمدان کے تیسرے ٹیکٹیکل ایئر بیس تک لانے کی کوشش کی۔ ہنگامی لینڈنگ کے دوران مبینہ طور پر لینڈنگ گیئر مکمل طور پر نہ کھل سکا، جس کے باعث طیارہ رن وے سے پھسل گیا۔ اطلاعات کے مطابق کرنل مہدی فیروزمند اس حادثے میں جان کی بازی ہار گئے، جبکہ معاون پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

ایرانی حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ حادثے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔ دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں ایسے واقعات حساسیت اختیار کر جاتے ہیں، تاہم حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

واضح رہے کہ ایران کی فضائیہ میں کئی پرانے طرز کے طیارے بھی شامل ہیں، جن کی دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن ایک مستقل چیلنج تصور کی جاتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات سامنے آنے کے بعد ضروری حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button