اسرائیلتازہ ترین

 اسرائیل ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، ایران سے بڑی جنگ کا خطرہ!

(تازہ حالات رپورٹ )

اسرائیل نے ایران کے ساتھ ممکنہ کشیدگی کے خدشات کے پیشِ نظر اپنے ہسپتالوں اور طبی نظام کی تیاریوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزارتِ صحت نے ملک بھر کے ہسپتال ڈائریکٹرز اور ہیلتھ انشورنس اداروں کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں کسی بھی ممکنہ عسکری صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں پر غور کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ہسپتالوں سے کہا گیا کہ وہ اپنی موجودہ تیاری، حفاظتی انتظامات، بنیادی ڈھانچے اور طبی آلات کی دستیابی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ معمول کی ایمرجنسی صورتحال سے بڑھ کر "وسیع ہنگامی حالت” میں فوری منتقلی کی منصوبہ بندی مکمل ہونی چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہدایات میں بڑی تعداد میں زخمیوں کو سنبھالنے کی تیاری، ہسپتالوں کے محفوظ اور مضبوط حصوں میں کام کی منتقلی، ضرورت پڑنے پر اضافی طبی عملے کی فوری طلبی اور غیر ضروری طبی سرگرمیوں میں کمی شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزارتِ صحت نے تقریباً ایک ماہ قبل بھی ہسپتالوں کو ایک مراسلہ جاری کیا تھا جس میں معمول سے ہنگامی حالت میں تیزی سے منتقلی کے طریقہ کار کی وضاحت کی گئی تھی۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی سکیورٹی حلقوں میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ تصادم کی صورت میں اسرائیلی شہروں کو میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس سے بجلی اور مواصلاتی نظام سمیت اہم تنصیبات متاثر ہو سکتی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیل اس امکان کے لیے بھی تیاریاں کر رہا ہے کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرتا ہے تو تہران کی جانب سے جوابی کارروائی ہو سکتی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ بیان بازی، جس میں انہوں نے آئندہ دنوں کو فیصلہ کن قرار دیا، نے خطے میں بے یقینی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

اگرچہ امریکا اور ایران کے درمیان حال ہی میں جنیوا میں بالواسطہ مذاکرات ہوئے ہیں، لیکن دونوں فریقوں نے اعتراف کیا ہے کہ کئی اہم معاملات ابھی طے طلب ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی حملے کا جواب دیں گے، تاہم وہ جنگ کے آغاز کے خواہاں نہیں۔ مجموعی طور پر خطے میں سفارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ عسکری تیاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس سے صورتحال غیر یقینی کا شکار دکھائی دیتی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button